ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فدان نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کے خلاف پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
ترک وزیر خارجہ نے گفتگو کے دوران علاقائی سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کی اور زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے پرامن حل اور سفارتی کوششیں ناگزیر ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ کشیدہ حالات میں دو طرفہ رابطے اور مشاورت کا تسلسل برقرار رکھنا اہم ہے تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔
ترک وزیر خارجہ کی جانب سے پاکستان کو یقین دہانی کرائی گئی کہ انقرہ ہر سطح پر اسلام آباد کے ساتھ کھڑا ہے، اور کسی بھی قسم کی جارحیت یا غیر منصفانہ رویے کے خلاف پاکستان کے مؤقف کی حمایت جاری رکھے گا۔






















