ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا میں دفاعی برآمدات کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
وزارت دفاعی پیداوار کے زیر اہتمام دفاعی صنعتی شراکت داروں اور برآمد کنندگان نے سیمینار میں شرکت کیں۔ سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد چراغ حیدر سیمینار کے مہمانِ خصوصی تھے۔
ڈی جی ایم پی ریئر ایڈمرل میاں ذاکر اللہ جان کی جانب سے دفاعی صنعت کی صلاحیتوں اور عالمی مارکیٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پبلک و پرائیویٹ سیکٹر اور ماہرینِ تعلیم کے منتخب نمائندوں نے بھی تقریب میں اظہار خیال کیا۔
شرکاء نے دفاعی برآمدات کے چیلنجز اجاگر کیے، پالیسی اقدامات اور سہولتوں پر تجاویز پیش کیں۔ سیکرٹری دفاعی پیداوار نے کہا کہ پاکستانی دفاعی صنعت کا قیام خود انحصاری کے حصول کے مقصد کے تحت عمل میں لایا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) چراغ حیدر کا کہنا تھا کہ دفاعی صنعت قومی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، خود انحصاری سے زرمبادلہ بھی حاصل ہو رہا ہے۔
سیکرٹری دفاعی پیداوار کا کہنا تھا کہ پاکستانی دفاعی صنعت مسلح افواج کی ضروریات پوری کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان نہ صرف اہم دفاعی ضروریات میں خودکفیل ہو چکا ہے بلکہ بیرونی خریداروں کی ضروریات بھی پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) چراغ حیدر کے مطابق وزارت دفاعی پیداوار دفاعی صنعت کو خود انحصار اور خود کفیل بنانے کے لیے کوشاں ہے، دفاعی برآمدات میں اضافے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، درآمدات میں کمی آئے گی۔
سیکرٹری دفاعی پیداوار کا کہنا تھا کہ حکومت پبلک اور پرائیویٹ دفاعی صنعتی شعبے کی مکمل معاونت کرے گی، سیمینار کے شرکاء نے حکومتی کاوشوں کو سراہا، دفاعی صنعت کے فروغ میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
شرکاء نے حکومت سے پالیسی اقدامات اور مزید سہولتوں کی فراہمی کے لیے مطالبہ کردیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مشترکہ کوششوں سے دفاعی صنعت اپنے اہداف حاصل کر سکتی ہے، پاکستان کی دفاعی صنعت عالمی مارکیٹ میں مزید مقام حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ وزارت دفاعی پیداوار دفاعی صنعت کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔