وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ ازبکستان کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں اپنے ڈسپلے سنٹر قائم کرنے چاہئیں۔
بدھ کے روز وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان سے ازبکستان کے سفیر علی شیر تختئیف نے ملاقات کی جس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ ماہ دورہ ازبکستان سے متعلق بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی شراکت داری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ازبک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں اپنے ڈسپلے سنٹر قائم کرنے چاہئیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان، ازبکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے اور معیشت کے مختلف شعبوں میں باہمی شراکت داری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، پاکستان اور ازبکستان کے سربراہان حکومت اور وزرا کے دورے تعلقات کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
عبدالعلیم خان نے ازبکستان کو اپنی سیاحتی کمپنیاں پاکستان بھیجنے ، پاکستان سے یورپ اور امریکا جانے والوں کو ازبکستان میں آن آرائیول سیاحتی ویزہ دینے کی تجویز بھی دی۔
اس موقع پر ازبک سفیر نے کہا ان کا ملک پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں مزید تعاون چاہتا ہے۔