وفاقی سرکاری ملازمین نے مطالبات کے حق میں اسلام آباد کے کیبنٹ بلاک چوک میں احتجاج کیا۔ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں 10 فروری کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا کا اعلان کر دیا۔
سرکاری ملازمین وفاقی وزارتوں ، ڈویژنز اور اداروں کے ملازمین تنخواہوں میں تفریق ، پنشن اصلاحات اور لیو انکیشمنٹ میں کی جانے والی تبدیلیوں کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ انہوں نے وفاقی ملازمین کی اپگریڈیشن سمیت دیگر مطالبات کے حق میں بھی نعرے لگائے۔
پولیس نے ملازمین کی احتجاجی ریلی کو پارلیمنٹ ہاؤس تک جانے سے روکنے کے لئے شاہراہِ دستور پر کیبنٹ بلاک چوک میں خاردار تاریں لگا دیں۔
آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے چیف آرگنائزر رحمان باجوہ نے کہا 10 فروری کو سرکاری ملازمین پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے۔ اپنے حقوق کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں اور اس وقت تک احتجاج جاری رکھیں گے جب تک مطالبات تسلیم نہیں کئےجاتے۔