حسن ابدال پولیس نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل انتظار حسین پنجوتھا کو پولیس مقابلے کے دوران بازیاب کرا لیا ہے۔انتظار پنجوتھا کے مطابق اغواء کاروں نے انہیں 8 اکتوبر کو اسلام آباد سے تاوان کے لیے اغواء کیا تھا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گذشتہ رات تھانہ صدر حسن ابدال پولیس نے برہان ناکے پر مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی کاروائی میں ملزمان مغوی کو گاڑی سمیت چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
واقعہ کا مقدمہ تھانہ صدر حسن ابدال میں درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر متن کے مطابق انتظار حسین پنجوتھا کو کلب روڈ اسلام آباد سے اس وقت اغواء کیا گیا جب وہ ہائی کورٹ سے واپس جا رہے تھے۔
انتظار پنجوتھا نے پولیس کو بیان دیا کہ اغواء کاروں نے ان کے گھر والوں سے 2 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کر رکھا تھا۔اغواء کار انتظار حسین پنجوتھا کو پشاور لیکر جا رہے تھے، جب پولیس نے انہیں پولیس مقابلے میں بازیاب کرایا۔
ذرائع کے مطابق تھانہ کوہسار اسلام آباد کی پولیس نے انتظار پنجوتھا کو آج صبح اہلخانہ کےحوالے کیا۔ حسن ابدال پولیس نے گزشتہ رات انتظارحسین پنجوتھا کواغوا کاروں سے بازیاب کرایا تھا۔۔ انتظار پںجھوتا حسن ابدال میں گاڑی سے ہاتھ پاؤں بندھی حالت میں بازیاب ہوئے تھے