اراکین کانگریس کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق خط امریکی صدر جوبائیڈن کو موصول ہوگیا ۔ ترجمان محکمہ خارجہ نے تصدیق کر دی
ترجمان محکمہ خارجہ میتھیو ملر کا کہنا ہے مناسب وقت پر خط کا جواب دیا جائے گا ۔ جمہوری عمل میں شرکت ہر کسی کا بنیادی حق ہے ۔ پاکستان میں جمہوریت کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں ۔
میتھو ملر نے امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری کی اسلام آباد میں ملاقاتوں سے متعلق سوال پر کہا کہ مونیکا جیکسن نے انسانی حقوق کو مقدم رکھنے پر زور دیا۔ جمہوری اداروں میں سول سوسائٹی کے کردار پر بھی بات ہوئی ۔
واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی ایوان نمائندگان کے 60 سے زائد اراکین نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کرنے کے لیے امریکی صدر جو بائیڈن کو خط لکھا تھا۔اراکین پارلیمان نے اپنے خط میں جو بائیڈن سے سابق وزیراعظم سمیت پاکستانی جیلوں سے سیاسی قیدیوں کی رہائی کی کوششوں کے ساتھ پاکستان کے بارے میں امریکی پالیسیوں میں انسانی حقوق کو مرکز بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔
اراکین کی جانب سے لکھے گئے خط میں امریکی سفارتخانے کے اہلکاروں سے جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملنے کی بھی اپیل کی گئی تھی۔