وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ٹیکس کے لیے کسی کو ہراساں نہیں کیا جائے گا، ٹیکس کیلئے دستیاب اعدادوشمار کا استعمال کیاجائےگا۔ نان فائلر بینک اکاؤنٹ کھول سکے گا نہ ہی پراپرٹی خرید سکے گا۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے دوران وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ نان فائلر بینک اکاؤنٹ کھول سکے گا نہ ہی پراپرٹی خرید سکے گا، اس کے لیے قانون سازی درکار ہے۔ ان فائلر سے متعلق ہمیں قانونی کور کی ضرورت ہے، ہم نان فائلر کی اصطلاح ہی ختم کررہے ہیں۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ ٹیکس کیلئے دستیاب اعدادوشمار کا استعمال کیا جائے گا، ایف بی آرمیں اصلاحات سے ٹرانسپرنسی بڑھے گی، ہم پائیدار ترقی کی طرف گامزن ہیں، معشت کی بہتری کیلئے مشکل فیصلے کرناہوں گے۔ معیشت کے گروتھ کے ساتھ درآمدات پرانحصار کم کرنا ہوگا، ہمیں آئی ٹی اورزراعت میں برآمدات کو بڑھانا ہوگا، جو کمپنیاں نجی شعبےمیں چل سکتی ہیں اُنہیں حکومت کےپاس نہیں ہوناچاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں نے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ کوئی ایسافورم نہیں تھاجس میں ہمیں مدعو نہیں کیاگیا،ٓئی ایم ایف کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی۔ کوشش ہوگی یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو۔ ورلڈ بینک قرض نہیں گرانٹ دے گا۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ ہم گزشتہ6ماہ سے معاشی بہتری کیلئے مسلسل کام کررہےہیں، میکرواکانومی پرتوجہ دینے سے مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں کمی ہوئی، پاکستان کا فارن کرنسی ریزرو11ارب ڈالرتک پہنچ چکا ہے، ریٹنگ ایجنسیوں کے مطابق پاکستان درست سمت کی جانب گامزن ہے۔
محمداورنگزیب کا کہنا تھا کہ امریکا میں سعودی وزیرخزانہ سمیت دیگر ملاقاتیں مثبت رہیں، امریکا میں آئی ایم ایف اور ورلڈبینک کے نمائندوں سےملاقاتیں ہوئیں، امریکا میں موجود بزنس کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کرناچاہتی ہے، ملاقاتوں میں پاکستان میں مہنگائی کی کمی کو سراہا گیا۔
اس سے قبل وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی واشنگٹن میں عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس کے موقع پر چین کے نائب وزیر خزانہ لیاؤ من سے ملاقات ہوئی جس کے دوران انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی اور شراکت داری مزید بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت چینی مارکیٹ میں پہلا پانڈا بانڈ جاری کرنے کی خواہشمند ہے اور حکومت نے چینی شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا عزم کررکھا ہے، چینی حکومت کرنسی سویپ معاہدے کی حد کو بڑھا کر 40 ارب چینی یوآن کرے۔
وزیر خزانہ سے واشنگٹن میں گوگل کے نائب صدر کرن بھاٹیا نے بھی ملاقات کی اور پاکستان میں گوگل کی حالیہ سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے بارے میں آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران کرن بھاٹیا نے پاکستان کی معیشت میں ٹھوس کردار ادا کرنے کے منصوبوں کا جائزہ پیش کیا اور ریگولیٹری، قانون سازی، کنیکٹیویٹی اور مالی مسائل پر روشنی بھی ڈالی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نائب صدر گوگل کو مسائل سے متعلق مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر خزانہ کی بین الاقوامی کمپنی ویزا کے ریجنل صدر اینڈریو ٹورے سے بھی ملاقات ہوئی جس کے انہوں نے پاکستان میں ادائیگیوں کا نظام جدید بنانے کیلئے ویزا کی کاوشوں کو سراہا۔
محمد اونگزیب کا کہنا تھا کہ اِن کاوشوں میں ون لنک جیسے مقامی ادائیگی کے اداروں کی مدد شامل ہے، مالی شمولیت کو فروغ اور کاروباری افراد کی مدد کیلئے ویزا کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔
وزیر خزانہ نے ویزا اور نجی بینک کے اشتراک سے جاری ہونے والی مالی شمولیت کارڈ پر اظہار اطمینان کیا اور صارفین کو مزید راستے فراہم کرنے اور مقامی لین دین کی پروسیسنگ کیلئے مساوی مواقع یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔