وزارت خزانہ کے مطابق اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) پاکستان کو 3 ارب ڈالر کا قرضہ فراہم کرے گا۔ رقم 3 سال میں دی جائےگی۔ پہلے مرحلے میں ستائیس کروڑ ڈالر ملیں گے۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں اسلامی تجارتی مالیاتی کارپوریشن کے وفد سے ملاقات کی۔ آئی ٹی ایف سی کے سی ای او انجینئر ہانی سالم سنبول بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیرخزانہ نےمعاہدے کے تحت تین ارب ڈالر کی کموڈٹی فنانسنگ کو سراہا۔ پہلے مرحلے میں پاکستان کو 27 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
وزیرخزانہ نے امریکی محکمہ خارجہ کی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے اقتصادی و کاروباری امور ایمی ہولمین سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے امریکی تاجروں کو زراعت، آئی ٹی، توانائی، اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
اس سے پہلے وزیرخزانہ نےایم ڈی آئی ایم ایف کی کانفرنس میں بھی شرکت کی۔ محمد اورنگزیب نے ماحولیاتی استحکام کیلئے امداد کی فراہمی مزید بڑھانے کا مطالبہ۔ ماحولیاتی خطرات سے دو چار ممالک کے قرضوں کی ادائیگی میں آسانی پرزوردیا۔
قبل ازیں واشنگٹن میں تھنک ٹینک سے خطاب میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومتی اخراجات میں کمی اور مختلف شعبوں میں اصلاحات کے حوالے سے پالیسیاں بنائی جا رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستانی روپیہ مضبوط ہو رہا ہے اور ترسیلات میں بہتری آ رہی ہے۔
واضح رہے کہ واشنگٹن میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کیلئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وفد کے ہمراہ امریکا میں موجود ہیں۔