حکومت پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار ڈپٹی کمشنرز کو دیدیا۔ ڈپٹی کمشنرز اپنے ضلع میں 30 جبکہ سیکرٹری داخلہ صوبہ بھر میں 90 دن تک دفعہ 144 لگا سکیں گے۔
حکومت پنجاب نے کوڈ آف کریمنل پروسیجر 1898 میں ترمیم کر دی۔ ترمیم کے مطابق ڈپٹی کمشنرز کو اپنے ضلع میں ضرورت کے مطابق 30 دن تک دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار دیا گیا ہے۔ اسی طرح سیکرٹری داخلہ پنجاب کو صوبہ بھر میں 90 دن کیلئے دفعہ ایک سو چوالیس کے نفاذ کا اختیار ہوگا۔
نوے یوم سے زائد عرصہ کیلئے دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار کابینہ کے پاس ہوگا۔ پنجاب اسمبلی سے کوڈ آف کریمنل پروسیجر 1898 میں ترمیم کی منظوری کے بعد محکمہ قانون نے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ اس سے قبل کابینہ کی منظوری کے بعد سیکرٹری داخلہ دفعہ144 کے نفاذ کا نوٹیفیکیشن کیا کرتے تھے
حکومت پنجاب نے سیکرٹری داخلہ پنجاب کی سفارش پر دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار ڈپٹی کمشنرز کو تفویض کیا ہے ۔ جو اپنے متعلقہ اضلاع میں حالات کو دیکھتے ہوئے بروقت فیصلہ کرنے کے مجاز ہوں گے۔