وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی سیاست ہمیشہ ریاست کو نقصان پہنچانے کے گرد گھومتی رہی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انتشار کے سرغنہ نے بالا آخر نو مئی کی منصوبہ سازی کا اعتراف جرم کرلیا ہے، بانی ٹی آئی نے ہمیشہ لاشوں پر سیاست کی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نو مئی کو دو سو سے زائد فوجی تنصیبات اور جی ایچ کیو پر حملے کیے گئے۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ کور کمانڈر ہاؤس کے باہر نیازی خاندان کے لوگ موجود تھے جو مظاہرین کو ہدایات دیتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ زمان پارک دہشتگردوں کا تربیتی ہیڈ کوارٹرز بنا رہا جہاں پیٹرول بم تیار کیے جاتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الااقومی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) کو خط اور سائفر لہرانے کی سازش سے لے کر شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی اور بانی پی ٹی آئی نے ہر وہ کام کیا جو ملک دشمن بھی نہ کر سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتشاری ٹولے کیخلاف سخت کارروائی ملکی سلامتی اور قومی مفادات کا تقاضا ہے۔