وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ چینی شہریوں کی حفاظت پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ متعلقہ اداروں کو نئے ایس اوپیز پرسو فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد میں وزیر داخلہ کی زیر صدارت چینی شہریوں کی سیکیورٹی سے متعلق کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملک بھر میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ چینی شہریوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سیکیورٹی آڈٹ کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر یقینی بنایا جائے۔ متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے نئے ایس او پیز پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنائیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایس او پیز تمام متعلقہ اداروں کی مشاورت سے تیار کئے گئے ہیں۔ کوشش کی گئی ہے کہ ان ایس او پیز میں سیکیورٹی کے تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھا جائے۔ فیلڈ میں کام کرنے والے ادارے مزید سفارشات سے بھی آگاہ کریں، کور کمیٹی ان سفارشات کا جائزہ لے گی اور بہتری کی گنجائش ہوئی تو سفارشات پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے گا۔