ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی ) حج مشن عبدالوہاب سومرو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حاجیوں سے متعلق سوشل میڈیا کی جعلی خبروں پر یقین نہ کیا جائے۔
وفاقی وزارت مذہبی امور نے دوران حج سوشل میڈیا پر چلنے والی جعلی خبریں بے بنیاد قرار دی ہیں اور اس حوالے سے ڈی جی حج مشن نے وضاحتی بیان میں کہا کہ مشاعر میں عازمین کو بے یارو مددگار چھوڑنے کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔
ڈی جی کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی مہیا کردہ قابل اعتماد معلومات کی بھی تصدیق کی جاتی ہے ، حجاج کرام کے بارے میں سوشل میڈیا پر زیرگردش بے بنیاد افواہیں نظرانداز کی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سال ایک مشکل حج تھا جس میں درجہ حرارت کم بیش پچاس ڈگری تھا ، اٹھارہ جون کی سہہ پہر چار بجے تک کی مصدقہ اطلاعات کے مطابق چار پاکستانی حجاج کی منیٰ ، تین کی عرفات اور دو پاکستانی حجاج کی مزدلفہ میں شہادت ہوئی۔
ڈی جی کا یہ بھی کہنا تھا کہ سعودی حکومت کسی بھی شہید کے ورثاء سے تدفین کی باقاعدہ اجازت لیتی ہے، شہید حاجی کو غسل دے کر حرم میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد تدفین کی جاتی ہے، اگر ورثاء چاہیں تو میت پاکستان بھجوانے کے انتظامات کئے جاتے ہیں۔
ڈی جی حج مشن کے مطابق سعودی حکومت ان تمام معاملات میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرتی ہے۔