پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہماری زمینوں پر تربیلا ڈیم بنا ہے مگر اس کے باوجود لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
اپنے حالیہ بیان میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے خیبر پختونخوا میں لوڈشیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ تین روز سے خیبر پختونخوا میں بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس سے لوگوں کا قربانی کا گوشت خراب ہورہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سے تحریک انصاف کو ووٹ دینے کا انتقام لیا جارہا ہے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ آئین اور قانون کا احترام کیا مگر انہوں نے حدیں پار کر دی ہیں، ہماری زمینوں پر تربیلا ڈیم بنا ہے مگر اس کے باوجود لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی فلور پر بھی احتجاج اور بجٹ تقریر میں اس ایشو کو اجاگر کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں لوڈ شیڈنگ اور مہنگی بجلی منظور نہیں، یہ ظلم بند کیا جائے۔