اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو توہین عدالت کیس میں 6 ماہ قید کی سزا سنادی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے عرفان نواز میمن کیخلاف توہین عدالت کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے عرفان نواز میمن اختیارات سے تجاوز پر مس کنڈکٹ کے مرتکب قرار دیدیا۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو توہین عدالت کیس میں 6 ماہ قید، اسلام آباد پولیس کے ایس ایس پی آپریشنز کو 4 ماہ قید،ایک لاکھ جرمانہ عائد کردیا۔ عدالت نے ایس پی صدر کو توہین عدالت کیس میں بری کردیا جبکہ ایس ایچ او ناصر منظور کو دو ماہ جیل اور ایک لاکھ جرمانہ کردیا۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنر کی سزا ایک ماہ کیلئے خود ہی معطل بھی کر دی، فیصلے کے مطابق اگر 30 دن میں اپیل میں سزا معطل نہ ہو تو پھر گرفتار کیا جائے۔ عدالت نے فیصلے کی کاپی وزیراعظم پاکستان کو بھجوانے کی ہدایت کردی۔
خیال رہے کہ عدالت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی بار بار گرفتاری پر دونوں افسران کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔