وزارت توانائی اور ایس آئی ایف سی کے زیر اہتمام پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور امریکی فرم میریکل سالٹ ورکس کلیکٹیو انکارپوریٹڈ کے مابین تاریخی معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق 20 فروری 2024 کو وزارت توانائی اور ایس آئی ایف سی کے زیر اہتمام پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور امریکی فرم میریکل سالٹ ورکس کلیکٹیو انکارپوریٹڈ کے مابین ہمالیائی نمک کی قدر میں اضافے اور برآمد کے مشترکہ منصوبے کے معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی۔
اس معاہدے سے معدنی شعبہ میں تعاون مضبوط ہو گا۔یہ معاہدہ اگست 2023 میں مفاہمت کی یادداشت کے بعد عمل میں آیا ہے۔ پی ایم ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر اسد احمد اور ایم ایس سی آئی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے صدر و چیئرمین احمد ندیم خان نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے ذریعے بین الاقوامی منڈیوں میں نمک کی برآمد کے لیے ایک جدید ترین پنک راک سالٹ کرشنگ اور پیکیجنگ کی سہولت کے قیام کے لیے شراکت داری قائم کی جائے گی اور اس کے لئے 200 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
یہ معاہدہ اس اہم شعبہ اور حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے جس کے نتیجہ میں150,000 ٹن سالانہ کی تجارتی پیداوار جون 2026 سے شروع ہونے کی توقع ہے۔ معاہدہ کے تحت سہولت ضلع میانوالی میں اسپیشل اکنامک زون میں واقع ہوگی، جس میں جدید ٹیکنالوجی اور بہترین صنعتی طریقوں کا استعمال کیا جائے گا جس سےپاکستان کو اپنے منفرد وسائل کی وجہ سے عالمی پنک راک سالٹ مارکیٹ میں نمایاں حاصل ہو گا۔
وزارت توانائی کے زیرِ اہتمام اس تقریب کے کامیاب انعقاد پر غیر ملکی سرمایہ کاروں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
چیف کمیونیکیشن آفیسر آف میریکل سالٹ ورکس مبارک خان نے کہا کہ آج ہم نے امریکی فرم میریکل سالٹ ورکس کلیکٹیو انکارپوریٹڈ کے ساتھ مشترکہ معاہدہ کیا ہے جس میں ایس آئی ایف سی کا کردار قابل ذکر ہے، اس معاہدے سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم ہونگے۔
اس موقع پر غیر ملکی سرمایہ کاروں نے کہا کہ ہم پہلی کمپنی ہیں جو نئے طریقے کار کے تحت سرمایہ کاری کریں گے، اس پراجیکٹ میں کینیڈین سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد موجود ہے۔
غیر ملکی سرمایہ کاروں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں نہایت اہم کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کی سرزمین گلابی نمک کی دولت سے مالا مال ہے، اس پراجیکٹ کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری وسیع پیمانے پر پھیلے گی جس سے ترقی میں اضافہ ہوگا۔ ہم ایس آئی ایف سی کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جس کی بدولت یہ معاہدہ آسان مراحل میں طے پا گیا۔
معاہدے سے پاکستان کے معدنی ذخائر کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوگی جس سے ملک میں مزید غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، ہمیں یقین ہے کہ اس مشترکہ معاہدے سے پاکستان میں غیر ملکی صنعتی شعبے کو فروغ حاصل ہوگا۔ سرمایہ کاروں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اس معاہدے کے ذریعے بیش بہا معاشی فوائد سے مستفید ہوگا۔