چین کے ارب پتی بینکر باؤ فین نے اپنی فرم چائنا رینیسانس ہولڈنگز کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے ارب پتی بینکر باؤ فین جو تقریباً ایک سال سے لاپتہ تھے، انہوں نے اپنی فرم چائنا رینیسانس ہولڈنگز کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
فرم کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ باؤ فین نے صحت کی وجوہات اور اپنے خاندانی معاملات پر زیادہ وقت گزارنے کے لیے استعفیٰ دیا ہے۔
گزشتہ سال فروری میں باؤ فین کی گمشدگی نے چین کی کاروباری اور سرمایہ کار برادری کو چونکا دیا تھا۔
کمپنی نے کہا کہ شریک بانی یی ینگ اب باؤ فین کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، باؤ کا بورڈ سے کوئی اختلاف نہیں ہے اور ان کے استعفیٰ سے متعلق کوئی اور ایسا معاملہ بھی نہیں ہے جسے شیئر ہولڈرز کی توجہ میں لانے کی ضرورت ہو۔
تاہم، کمپنی نے اس بارے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ باؤ اس وقت کہاں ہیں۔
باؤ چین کے سب سے اعلیٰ پروفائل بینکرز میں سے ایک ہیں جن کے کلائنٹس کی فہرست میں علی بابا جیسی کمپنی بھی شامل ہے۔