سکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حمزہ یوسف نے سکاٹش نیشنل پارٹی ( ایس این پی ) کے سربراہ اور سکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
حمزہ یوسف کے خلاف اس ہفتے عدم اعتماد کی دو تحریکیں آنی تھیں جن کی کامیابی کے خدشے کے پیش نظر انہوں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔
ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تقریر کے دوران حمزہ یوسف کا کہنا تھا کہ میں نئے فرسٹ منسٹر کے انتخاب تک کام کرتا رہوں گا، اقتدار پر قابض رہنے کے لیے اپنے اصولوں کا سودا کرنے کو تیار نہیں ہوں ، استعفی ملک اور پارٹی کے مفادات میں ہے۔
ایک بڑی سیاسی جماعت کے مسلم سربراہ اور اسکاٹ لینڈ کے سب سے کم عمر منتخب رہنما حمزہ یوسف کا کہنا تھا کہ جس ملک سے پیار کرتا ہوں اس کا سربراہ رہنا کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔
اس ماہ کے شروع میں یوسف نے کہا تھا کہ وہ عدم اعتماد کا ووٹ جیتنے کے لئے کافی پراعتماد ہیں ، تاہم، پیر تک ان کی اقلیتی حکومت کو تقویت دینے کے لیے دیگر جماعتوں کے ساتھ بات چیت کی پیشکش غیر یقینی تھی۔
گلاسگو میں پیدا ہونے والے حمزہ یوسف کے دادا دادی اور والد 1960 کی دہائی میں پاکستان سے اسکاٹ لینڈ ہجرت کر گئے تھے جبکہ بطور فرسٹ منسٹر ان کا دور صرف ایک سال کا تھا۔