سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے اسلام آباد ایئرپورٹ جانے والے راستوں پر ٹریفک بندش اور پرواز چھوٹ جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج انہیں انتخابی مہم کے سلسلے میں اسکردو جانا تھا، تاہم جب وہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے باہر پہنچے تو دیکھا کہ راولپنڈی پولیس نے ایئرپورٹ جانے والی تمام ٹریفک روک رکھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کے باوجود ٹریفک بندش کی کوئی معقول وجہ نہیں بتائی گئی۔ ان کے مطابق ایئرلائن نے بھی ٹریفک کی جبری بندش کے باوجود پرواز کو مقررہ وقت سے پہلے بند کر دیا، جس کے باعث ان سمیت 13 مسافر اسکردو جانے والی پرواز سے محروم رہ گئے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ کے اطراف سیکڑوں مسافر، خواتین، بچے اور بزرگ شدید گرمی میں پریشان کھڑے رہے جبکہ مختلف پروازوں کے متعدد مسافروں کی فلائٹس بھی چھوٹ گئیں۔
انہوں نے کہا کہ بے حسی اور نااہلی کی بھی کوئی حد ہوتی ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس معاملے پر دہشت گردی کی اطلاع کی کہانی نہ سنائی جائے ۔





















