نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ریڈ زون کے اطراف ٹریفک پابندیاں آج ختم ہو گئیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ اہل پاکستان بالخصوص اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کے شکرگزار ہیں۔ عوام کا صبر اور تعاون کرنے پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
خارجہ اسحاق ڈار نے مزید لکھا کہ عوام کی حمایت ہمیں مہمانوں کی حفاظت اور امن کوششیں آگے بڑھانے کے قابل بناتی ہے، ہم ان مقاصد کیلئے پُرعزم،آپ کی مسلسل دعاؤں اور نیک تمناؤں کے طلبگار ہیں۔
اسلام آباد امن مذاکرات کے بعد امریکا ایران امن مذاکرات کے باعث راولپنڈی میں کیے جانے والے سیکیورٹی انتظامات میں نرمی کردی گئی جس کے بعد معمولات زندگی بحال ہونے لگے۔
راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بحال، گڈز سروسز اور شہر کے خارجی و داخلی راستے بھی آمد و رفت کے لیے کھول دیئے گئے ہیں۔ اسلام آباد جانے والی میٹرو بس سروس اور راولپنڈی کے مختلف روٹس پر چلنے والی ای بسوں کو بھی مسافروں کی سہولت کے لیے دوبارہ چلادیا گیا ہے۔





















