وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس کے دوران مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے لئے صوبہ گیر عوامی آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز عوامی آگاہی مہم کو خود لیڈ کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق آگاہی مہم میں عوام کو مہلک بیماریوں سے بچاؤ اورعلاج سے متعلق آگاہی دی جائے گی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے مہلک بیماریوں سے بچاؤ کےلئےضروری اقدامات کا حکم دے دیا۔ سرکاری اسپتالوں میں وبائی اور تیزی سے پھیلنے والےامراض سےبچاؤ کےلیےایس او پیز پرعملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔
ہیلتھ کیئر کمیشن کو پرائیویٹ اسپتالوں اور کلینکس میں ہیلتھ ایس او پیز کی مانیٹرنگ کا حکم دے دیا گیا، صوبے بھر میں عطائی کلینکس کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کردی گئی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے چیف منسٹر پنجاب ڈیزیز پراونشنل پروگرام کی اصولی منظوری دے دی۔ ذیابیطس، ٹی بی، ایڈز اورہیپاٹائٹس سے بچاؤ پروگرام شامل ہوں گے، مریم نواز کا کہنا ہے کہ مہلک بیماریوں سے بچاؤ کا عوامی شعور و آگاہی بیدار کرنا ناگزیر ہے۔ مہلک اور وبائی بیماریوں سے بچاؤ کے لئے ابتدائی ا علامات سے آگاہی ضروری ہے۔مریض کو علاج ہی نہیں بلکہ زندگی کی امید دلانا بھی ضروری ہے۔





















