جڑواں شہروں کے نجی وسرکاری اداروں کی بندش کے متعلق زیرگردش نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیدیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے نجی وسرکاری اداروں کی بندش سے متعلقوشل میڈیا پر زیرگردش نوٹیفیکیشن کو جعلی قرار دیدیا۔ جعلی نوٹیفکیشن میں کل سے تاحکم ثانی نجی وسرکاری ادارے بند ہونے کا کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں غیرملکی وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ غیرملکی وفود کی آمد کے پیش نظرریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل بند رہے گا۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل ٹریفک پلان پر عمل درآمد کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
وفاقی آئینی عدالت اسلام آباد ہائیکورٹ بند رہے گی
وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کل بند رہےگی، نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈ زون کی بندش کےباعث وفاقی آئینی عدالت میں کل کوئی عدالتی کارروائی نہیں ہوگی۔ چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت نےکل کی کازلسٹ منسوخ کردی، وکلاء،سائلین اورعملے کو پیش آنے والی مشکلات کے پیشِ نظر فیصلہ کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق عدالتی افسران اور عملے پر گھر سے کام کرنے کی ہدایت کے ساتھ اسٹیشن چھوڑنے پرپابندی ہوگی، اسلام آباد میں مرکزی بینچ بند رہے گا، چاروں برانچ رجسٹریاں کھلی رہیں گی۔
رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائیکورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ بھی کل بند رہے گی، اسلام آباد ہائیکورٹ میں کل جوڈیشل ورک نہیں ہوگا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالتیں کل معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گی۔




















