بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار نانا پاٹیکر نے فلم شوٹنگ کے دوران ایک لڑکے کو تھپڑا مار دیا، جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور نانا پاٹیکر کو مداح سے معافی مانگنا پڑ گئی۔
بھارتی اداکار نانا پاٹیکر نے مداح سے معافی کی ویڈیو آن لائن پوسٹ کی، جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ اُن کو معلوم نہ تھا کہ وہ تصویر کھنچوانے کیلئے آیا ہوا کوئی مداح تھا۔
نوجوان کو تھپڑ مارنے کی نانا پاٹیکر کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی جس کے بعد انہوں نے واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے اپنی ویڈیو پوسٹ کی۔
ویڈیو میں نانا پاٹیکر واقعے پر اپنا مؤقف دیتے ہوئے بتارہے ہیں کہ جس لڑکے کو تھپڑ مارا مجھے لگا وہ فلم ٹیم کا رکن تھا اور اُس وقت سین ریکارڈ کیا جارہا تھا مگر بعد میں معلوم ہوا کہ ایسا نہیں تھا۔
بھارتی میڈیا پر پوسٹ ویڈیو میں نانا پاٹیکر بتا رہے ہیں کہ لڑکے کو تھپڑ مارنے کی میری ایک ویڈیو وائرل ہے، فلم کا ایک سین شوٹ کیا جارہا تھا جس میں پیچھے سے ایک لڑکا آیا اور کہا کہ اے بدھو، ٹوپی بیچنی ہے، میں نے اُس کو پکڑا، تھپڑ مارا اور کہا کہ تمیز سے رہو، جس کے بعد وہ بھاگ نکلا۔
ویڈیو میں نانا پاٹیکر نے مزید بتایا کہ یہ سین فلم کا حصہ تھا اور ہم ایک ریہرسل کر چکے تھے اور ہم دوسری بار اس کو شوٹ کرنیوالے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر نے مجھے کہا کہ شروع کریں، ہم دوسرا ٹیک لینے ہی والے تھے کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والے لڑکا آیا، مجھے نہیں معلوم کہ وہ کون تھا، میں یہ سمجھا کہ وہ فلم کے عملے کا حصہ ہے، اس لئے سین کے مطابق اُس کو تھپڑ مارا اور کہا کہ نکل جا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ وہ فلم کے عملے کا حصہ نہیں تھا، تب میں نے اُس کو پکارنے کیلئے آواز دی مگر وہ بھاگ گیا، ممکن ہے کہ اُس کے دوست نے وہ ویڈیو بنائی ہو۔
نانا پاٹیکر کے مطابق انہوں نے کبھی کسی مداح کے ساتھ تصویر بنانے سے منع نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ایسا نہیں کرتا، یہ سب غلط فہمی کے باعث ہوا، اگر کچھ غلط فہمی کے باعث ہوا ہے تو براہ کرم مجھے معاف کر دیں، میں ایسا کچھ آئندہ کبھی نہیں کروں گا۔






















