ترکیہ کی معروف فیشن انفلوئنسر عائشہ گل ایراسلان کی اچانک اور پراسرار موت سے مداحوں میں صدمے کی لہر دوڑ گئی۔
ستائیس سالہ عائشہ گل کو استنبول کے علاقے کاغیتھانے میں واقع ان کی رہائش گاہ پر بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا۔
اہلخانہ کے مطابق جب وہ عائشہ سے رابطہ نہ کرسکے تو تشویش بڑھ گئی اور انہوں نے متعلقہ حکام کو اطلاع دی جس پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ابتدائی معائنے کے بعد ان کی موت کی تصدیق کردی۔
بعد ازاں پولیس اور پراسیکیوٹر نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور لاش کو مزید فرانزک جانچ کے لیے منتقل کر دیا تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
تحقیقات کے دوران عمارت کی سکیورٹی فوٹیج بھی دیکھی گئی جس میں ایک شخص، سونائے کُرتولوش کو ان کے گھر میں داخل ہوتے اور کچھ دیر بعد باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔ پولیس نے متعلقہ شخص سے پوچھ گچھ کی تاہم بیان ریکارڈ کرنے کے بعد اسے چھوڑ دیا گیا، اس کے وکلا کے مطابق وہ موقع پر موجود نہیں تھا۔
عائشہ گل ایراسلان سوشل میڈیا پر ایک نمایاں فیشن انفلوئنسر کے طور پر جانی جاتی تھیں اور ان کے لاکھوں فالوورز تھے، وہ ترک فیشن شو میں بھی نظر آچکی تھیں جس سے ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا تھا۔





















