سنگاپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ ایران کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکتا اور امریکا ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔
پیٹ ہیگستھ کا کہنا تھا کہ ایران بخوبی جانتا ہے کہ معاہدے تک پہنچنے کیلئے اسے کیا اقدامات کرنا ہوں گے، جبکہ ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات مثبت رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران سے متعلق امریکی اہداف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور جو بھی معاہدہ ہوگا، وہ ایک اچھا اور مؤثر معاہدہ ہوگا۔
امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کریں گے۔
پیٹ ہیگستھ نے پاکستان کو امریکا کا مخلص دوست قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ آبنائے ہرمز بغیر کسی رکاوٹ یا اضافی محصولات کے کھلا رہے اور ایران کو آبنائے ہرمز کو پہلے کی طرح بحری آمدورفت کیلئے کھولنا ہوگا۔
امریکی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ چینی وزیر دفاع کے ساتھ ان کی بات چیت مفید رہی جبکہ یوکرین کی مدد کیلئے یورپی اتحادیوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔





















