رحیم یارخان کی بستی حکیم عبداللہ میں مبینہ خسرہ کیسز کے باعث ڈیڑھ ماہ کے دوران 7 بچوں کی اموات رپورٹ ہوئیں۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر بابر علی کے مطابق جاں بحق بچوں کی عمریں 2 سے 6 سال کے درمیان تھیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق متاثرہ بچوں میں 2 سالہ میمونہ، عشرت فاطمہ، حسینہ، 3 سالہ سکینہ اور ندیم جبکہ 6 سالہ آمنہ فہیم اور فضہ شامل ہیں۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر بابر علی کا کہنا ہے کہ والدین نے مستند طبی علاج کے بجائے غیر مستند عامل سے رجوع کیا، جس کے باعث بچوں کی حالت بگڑی اور اموات ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ عامل کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ڈاکٹر بابر علی کے مطابق متاثرہ علاقے میں بچوں میں غذائی قلت اور کم وزن کی شرح بھی زیادہ پائی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں جبکہ “کلینک آن ویلز” سروس بھی متاثرہ بستی میں پہنچا دی گئی ہے۔





















