پاکستان سپر لیگ کے شائقین کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آنے کا امکان ہے، پلے آف مرحلے کے میچز کے لیے تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تیار کردہ تجویز وزیراعظم ہاؤس کو موصول ہو چکی ہے، جس پر حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم بھی پلے آف مرحلے میں اسٹیڈیم کی رونقیں بحال کرنے کے خواہاں ہیں۔ اس حوالے سے وزیراعظم اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے درمیان ملاقات متوقع ہے، جس میں وزیر داخلہ بھی شریک ہوں گے اور اہم پیش رفت کا امکان ہے۔
اگر وزیراعظم کی جانب سے اجازت مل گئی تو پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر فوری لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ گرین سگنل ملتے ہی قذافی میں شائقین کے استقبال کے لیے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور محسن نقوی کی ملاقات کے بعد اس حوالے سے باضابطہ اعلان بھی متوقع ہے۔





















