پاکستان کی اسرائیلی آباد کاروں کی جانب سے مسجدِ اقصیٰ کمپاؤنڈ میں زبردستی داخلے اور وہاں اسرائیلی پرچم لہرانے کے اشتعال انگیز واقعے کی شدید مذمت کی گئی ہے، ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ مقدس مقامات کی حرمت پامال کرنا عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، اس سے خطے میں کشیدگی بڑھے گی۔
ترجمان دفترخارجہ نے اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کمپاؤنڈ میں داخلے پر سخت اظہار تشویش کیا ہے، مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی پرچم لہرانے کو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقدس مقامات کی حرمت پامال کرنا ناقابل قبول ہے۔ ایسے اشتعال انگیز اقدامات سےخطے میں کشیدگی بڑھنے کاخطرہ ہے۔
پاکستان نے مقبوضہ علاقوں میں مقدس مقامات کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے غیر قانونی آبادکاروں کو حاصل استثنیٰ ختم کرنے پر زور دیا۔ فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی کے اعادہ کے ساتھ فلسطینیوں کے حقِ عبادت کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان بھی کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان انیس سو سڑسٹھ سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتا ہے۔ وہ ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔





















