جنوبی کولمبیا میں کولمبین فضائیہ کا طیارہ پیرو کی سرحد کے قریب ایمزون کے علاقے میں ٹیک آف کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا جس میں 110 فوجی سوار تھے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثے کے وقت طیارے میں تقریباً 110 فوجی اہلکار سوار تھے۔ طیارہ ہرکیولس ماڈل کا تھا جو عموماً فوجیوں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
یہ حادثہ پورٹو لیگویزامو کے قریب پیش آیا، جو صوبہ پوتومایو میں واقع ہے۔حکام کے مطابق ریسکیو ٹیموں کو فوری طور پر جائے حادثہ کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے تاکہ امدادی کارروائیاں شروع کی جا سکیں۔
کولمبیا کے وزیر دفاع پیڈرو سانچیز نے کہا کہ طیارہ ٹیک آف کے دوران ایک "افسوسناک حادثے" کا شکار ہوا، جس میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکار سوار تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاکتوں کی حتمی تعداد ابھی سامنے نہیں آئی، تاہم اس واقعے کو ملک کے لیے انتہائی افسوسناک قرار دیا۔
مقامی میڈیا کی جانب سے جاری تصاویر میں جائے حادثہ سے دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے جبکہ فوجی گاڑیاں اور اہلکار موقع کی جانب بڑھتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔





















