امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ برطانیہ اور چین کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر اتفاق ہوگیا۔
ابوظہبی میں میڈیا سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ برطانیہ اور چین کے ساتھ تجارتی معاہدوں کے بعد دیگر ملکوں کو جلد ٹریڈ ڈیل پر بات چیت کی دعوت دیں گے، ہم تجارتی معاہدوں میں شفافیت لے کر آئیں گے۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکا میں 10 ہزار ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوتی ہے، اب یہ سرمایہ کاری بڑھ کر 13 ہزار ارب ڈالر ہونے والی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ پر ہماری توجہ ہے اور ہم اس کا خیال رکھیں گے، انتظامات مکمل ہونے پر صدر پیوٹن سے بھی ملاقات کروں گا۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ابو ظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی۔ صدر ٹرمپ نے امریکا میں ایک ہزار 400 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے وعدے پر اماراتی صدر کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان ٹیکنالوجی فریم ورک ایگریمنٹ سمیت متعدد معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔
متحدہ عرب امارات نے رواں سال مارچ میں امریکا میں اگلے 10 برس کے دوران ایک ہزار 400ارب ڈالر کی سرمایہ کا عزم کیا تھا۔ صدر ٹرمپ سعودی عرب اور قطر کا دورہ مکمل کرکے گزشتہ روز متحدہ عرب امارات پہنچے تھے۔






















