بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان رینجرز نے بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایک اہلکار کو پنجاب کے فیروزپور سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد غلطی سے پار کرنے پر حراست میں لے لیا ہے۔
بھارتی حکام کے مطابق 182 ویں بٹالین سے تعلق رکھنے والا کانسٹیبل پی کے سنگھ سرحد کے قریب کسانوں کے ایک گروپ کے ساتھ موجود تھا، وہ آرام کرنے کے لیے سایہ دار جگہ کی طرف بڑھا اور غیر ارادی طور پر پاکستانی حدود میں داخل ہو گیا۔
اس وقت وہ مکمل وردی میں تھا اور اپنی سروس رائفل بھی اس کے ساتھ تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فوجی چھڑوانے کیلئے پاکستان رینجرز اور بی ایس ایف کے درمیان فلیگ میٹنگ جاری ہے۔
دوسری جانب پاکستان رینجرز کی جانب سے تاحال اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔






















