نگران بلوچستان حکومت نے معذور افراد کو گرین بس سروس کے کرائے سے مستثنیٰ قرار دینے کا اعلان کردیا۔
کوئٹہ میں محکمہ سماجی بہبود بلوچستان اور غیر سرکاری تنظیموں کے اشتراک سے معذور افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے کہا کہ پاکستان میں 10 سے 12 فیصد افراد معذوری کا شکار ہیں، یہ افراد ہمارے لئے اہمیت رکھتے ہیں اور ہمارے دل کے قریب ہیں، ایسے معذور افراد کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح کیلئے ہم سب نے مل جل کر کام کرنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ معذور افراد کو قطعی یہ احساس نہیں ہونے دینا کہ وہ کسی بھی طور پر صلاحیتوں میں کسی سے کم ہیں، ہم نے ہر شعبہ زندگی میں ان کیلئے آسانیاں پیدا کرنی ہیں اور مجموعی معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی لانی ہے، معذور افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس ضمن میں بہتری کی جو تجاویز آئیں گی ان کا خیر مقدم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ معذور افراد کیلئے سرکاری اور غیر سرکاری ملازمتوں میں مواقع فراہم کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح پر قانون سازی موجود ہے۔
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے گرین بس سروس میں معذور افراد کو کرائے سے مستثنیٰ قرار دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین بس سروس میں معذور افراد سے کرایہ نہیں لیا جائے گا۔





















