نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور غزہ کی ناکہ بندی ختم کرائے۔
نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے گلوبل صمود فلوٹیلا واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سمود فلوٹیلا کو بین الاقوامی پانیوں میں روکنا غیر قانونی اقدام ہے، فلوٹیلا پر موجود کارکنان کی گرفتاری بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے انسانی امداد میں رکاوٹ ناقابلِ قبول ہے، عالمی برادری اسرائیل کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور غزہ کی ناکہ بندی ختم کرائے، فلوٹیلا پر موجود تمام امدادی کارکنوں کی فوری رہائی یقینی بنائی جائے۔
دوسری جانب دنیا کے 11ممالک کے وزرائے خارجہ کی گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشترکا بیان میں کہا ہے کہ یہ فلوٹیلا پُرامن، شہری اور انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام تھا، اس کامقصد غزہ میں انسانی بحران کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانا تھا۔
ترکیہ، بنگلہ دیش، برازیل، کولمبیا، اردن، لیبیا، ملائیشیا، مالدیپ، پاکستان، جنوبی افریقا اور اسپین کے وزرائے خارجہ کے مشترکا بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حملے اور غیر قانونی حراست بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے، اسرائیلی حکام انسانی ہمدردی کےکارکنوں کی فوری رہائی یقینی بنائیں۔ بین الاقوامی قانون کا احترام یقینی بنائے،خلاف ورزیوں پراحتساب کیاجائے۔





















