وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل کا کہنا ہے کہ ہم نے تمام عمر اپوزیشن میں نہیں رہنا، کل آپ کی بھی باری آئے گی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس ایوان کے بجائے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں ہوا۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں مسلسل بند گلی میں گھسیٹا جارہا ہے، بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو جیل میں شدید تکلیف ہے، ان کا علاج کرایا جائے۔ اپ نے جو جیل کاٹی ہے وہ ایسی نہیں تھی آپ سے تو پورا ٹبر کا ٹبر ملنے آرہا تھا۔
قبل ازیں ایک تقریب سے خطاب میں سہیل آفریدی نے کہا کہ افہام و تفہیم سے مسائل حل کرنے کی کوشش کی مگر لگتا ہے احتجاج کرنا پڑے گا ۔ اب احتجاج ہی کریں گے۔
دوسری جانب ایوان کے بجائے پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس کے انعقاد کو اپوزیشن رہنماؤں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ بولے اسمبلی بلڈنگ موجود ہونے کے باوجود اسٹیڈیم میں اسمبلی اجلاس غیر ضروری اخراجات اور عوامی پیسے کا ضیاع ہے۔ حکومت کا اقدام محض سیاسی شو اور نمائشی سرگرمی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کہتے ہیں اجلاس اسمبلی بلڈنگ میں ہونا چاہیے تھا، اسٹیڈیم میں نہیں۔ کروڑوں خرچ کر کے متبادل جگہ اجلاس بلانا سوالیہ نشان ہے، کرپشن اور گورننس مسائل حل کیے بغیر تقریروں کا فائدہ نہیں۔




















