اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹک ٹاکر رجب بٹ کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کے کیس میں پیشرفت سامنے آئی ہے ، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے رجب بٹ سے متعلق جواب عدالت میں جمع کرا دیا۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب کے مطابق ڈائریکٹر آپریشنز کو رجب علی کا نام پی سی ایل سے نکالنے کیلئے مراسلہ ارسال کردیا گیا۔ رجب علی انکوائری میں شامل ہو چکے ہیں ۔ ملزم کا نام پی سی ایل سے نکالنے پر کوئی اعتراض نہیں ۔ عدالت میں جمع کرائے گئے جواب کے مطابق رجب علی کا نام سات اگست دوہزار پچیس کو پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا تھا ۔ ملزم کے خلاف سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد شیئر کرنے کی انکوائری زیر التوا ہے۔ رجب علی کے خلاف پیکا ایکٹ اور تعزیراتِ پاکستان کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی آئندہ سماعت اٹھائیس اپریل کو مقرر ہے۔




















