امریکی حکام نے عراق میں اپنا فوجی طیارہ گرنے کے واقعے میں چار امریکیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس طیارے پر عملے کے 6 اراکین سوار تھے جن میں سے 4 کی ہلاکت ہوئی۔ حکام کے مطابق ہلاک شدگان کے اہلخانہ کو مطلع کرنے کے بعد اُن کی شناخت ظاہر کی جائے گی۔
سینٹ کام کے مطابق کے سی 135 ریفیولنگ طیارہ مغربی عراق میں گر کر تباہ ہو، ریسکیو آپریشن جاری ہے، واقعے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کررہے ہیں، ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت 24 گھنٹے تک خفیہ رکھی جائے گی۔
امریکی حکام کے مطابق اس واقعے میں دوسرا طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا تھا، لیکن ایک طیارے کو حادثہ پیش آیا۔ ایندھن بھرنے والا طیارہ فضا میں لڑاکا طیاروں کو ایندھن فراہم کرنے کے کام آتا ہے۔
دوسری جانب ایران کے حمایت یافتہ ایک عسکریت پسند گروہ نے عراق میں امریکی فوجی طیارے پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ گروپ کے مطابق اس نے امریکی فوجی طیارے کو 'عراق کی قومی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع' میں نشانہ بنایا۔
خیال رہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے 28 فروری کو ایران کے خلاف شروع کی گئی کارروائی کے بعد سے لے کر اب تک چار امریکی طیاروں کی تباہی کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ایندھن بھرنے والے طیارے کے اس حادثے سے قبل یکم مارچ کو امریکہ کے تین ایف-15 طیارے تباہ ہو گئے تھے۔





















