کرکٹ قوانین بنانے والے ادارے میری لیبورن کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے ورلڈ کپ کے میچ میں سری لنکن بیٹر اینجلو میتھیوز کو ٹائم آؤٹ قرار دیئے جانے کے امپائر کے فیصلے کی حمایت کردی۔
میری لیبون کرکٹ کلب (MCC) کرکٹ قوانین بنانے والا ادارہ ہے، جس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران امپائرز نے سری لنکا کے بیٹر اینجلو میتھیوز کو بنگلہ دیش کیخلاف "ٹائم آؤٹ" قرار دیئے جانے پر درست کال کی تھی۔
سری لنکا کے اینجلو میتھیوز بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ میں ٹائم آؤٹ قرار دیئے جانے پہلے کرکٹر ہیں۔
ورلڈ کپ 2023ء کے بنگلہ دیش کیخلاف میچ کے دوران کریز پر پہنچنے کیئے مقررہ 2 منٹ سے زیادہ لگانے پر انہیں شکیب الحسن کی اپیل پر امپائرز نے ٹائم آؤٹ قرار دیا تھا۔
ایم سی سی کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اینجلو میتھیوز کو نیا ہیلمٹ آنے کا انتظار کرنے کے بجائے امپائر کو اپنے ہیلمٹ کے ٹوٹنے کا بتانا چاہئے تھا۔
ایم سی سی نے مزید کہا ہے کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ میتھیوز نے امپائرز سے اس حوالے سے مشورہ نہیں کیا، جیسا کہ کسی کھلاڑی سے نئے آلات کی تلاش میں توقع کی جانی چاہئے۔
میری لیبورن نے مزید کہا ہے کہ اگر وہ امپائرز کو بتاتے کہ کیا ہوا ہے اور اسے حل کرنے کیلئے وقت مانگتے تو شاید وہ میتھیوز کو ہیلمٹ تبدیل کرنے کی اجازت دے دیتے۔
بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے امپائر ماریاس ایراسموس کی جانب سے اپیل واپس لینے کی تجویز مسترد کردی تھی جبکہ میتھیوز نے بھی شکیب سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کی تاہم وہ اس پر قائم رہے۔
اینجلو میتھیوز کا کہنا تھا کہ ٹوٹے ہوئے ہیلمٹ کے ساتھ بولرز کا سامنا کرنا غیر محفوظ تھا تاہم اس پر ایم سی سی کا مؤقف ہے کہ بیٹر کو اس مسئلے کے حل کیلئے امپائرز سے رابطہ کرنا چاہئے تھا۔
کرکٹ قوانین بنانے والے ادارے نے مزید کہا کہ مقررہ وقت کے دوران امپائرز سے رابطہ نہیں کیا گیا اور گزر گیا، امپائرز نے میتھیوز کو بالکل ٹھیک آؤٹ دیا۔
سری لنکن ٹیم ورلڈ کپ میں صرف 2 میچز جیت سکی اور ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کی دوڑ سے بار ہوگئی جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بورڈ میں حکومت کی دخل اندازی پر سری لنکا کی آئی سی سی کی رکنیت معطل کردی ہے۔






















