مصر کے صدارتی انتخابات میں سابق آرمی چیف عبدالفتاح السیسی تیسری بار ملک کے صدر منتخب ہوگئے۔
مصر کی نیشنل الیکشن اتھارٹی کےمطابق عبدالفتاح السیسی نے مصر کے صدر کے طور پر تیسری بارآئندہ چھ سالہ مدت کیلئےکامیابی حاصل کی ہے، انہوں نے ایک ایسے انتخابات میں 6.89فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں، جس میں انہیں کسی سنگین چیلنج کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
الیکشن اتھارٹی کے سربراہ حازم بداوی نے بتایاکہ صدارتی الیکشن کیلئے ووٹنگ کے دوران 67 ملین میں سے 66.8 فیصد ووٹرز یعنی 39 ملین سے زیادہ لوگوں نے عبدالفتاح السیسی کو ووٹ دیا ۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مصر کے صدارتی الیکشن میں السیسی کے علاوہ تین دیگر امیدوار شامل تھے، ان میں سے کوئی بھی ہائی پروفائل نہیں تھا، سب سے نمایاں ممکنہ حریف احمد طنطا وی نے اکتوبر میں اپنی انتخابی مہم یہ کہتے ہوئے روک دی تھی کہ اہلکاروں اور غنڈوں نے ان کے حامیوں کو حراساں کیا، جبکہ نیشنل الیکشن اتھارٹی نےالزامات کو مسترد کر دیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق مصر میں صدارتی الیکشن کیلئے ووٹنگ کا عمل10 سے12 دسمبر کو تین دن تک جاری رہا۔ جس نے السیسی کی جیت کو ان کی تیسری اور آئین کے مطابق آخری مدت کیلئے صدارت کا عہدہ سونپا ہے۔
یاد رہے کہ یہ انتخاب ایک ایسے وقت ہوا جب مصر ایک معاشی بحران سے گزر رہا ہے اور مصر کے جزیرہ سینائی میں غزہ اسرائیل جنگ پھیلنے کے خطرے کو سنبھالنے کی کوشش کر رہا ہے۔






















