بلوچستان میں پیپلز ایئر ایمبولینس عوامی خدمت کے لیے تیار کر لی گئی، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے مطابق منصوبے کا افتتاح جلد بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز ایئر ایمبولینس سروس مکمل طور پر تیار ہے اور جلد اس کا باضابطہ افتتاح کیا جائے گا ۔ ان کے مطابق اس سروس کے ذریعے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے مریضوں کو بروقت ہنگامی طبی امداد اور بڑے اسپتالوں تک فوری منتقلی ممکن ہو سکے گی ۔ جو قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوگی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ایئر ایمبولینس سروس حادثات ، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کو مؤثر بنائے گی جبکہ حکومت بلوچستان صحت کے شعبے کی بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔





















