صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی منظوری سے پنجاب کا پارٹی ڈھانچہ 4 زونز میں تقسیم کردیا گیا۔ جنوبی پنجاب کے بعد آئی پی پی شمالی و مغربی پنجاب کے صدور کی تقرری کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے گئے۔
ایم این اے گل اصغر بگھور آئی پی پی شمالی پنجاب کے صدر نامزد، سابق صوبائی وزیر چوہدری ظہیرالدین مغربی پنجاب کے صدر اور فرخ مانیکا جنرل سیکرٹری ہوں گے۔ میاں جنید ذوالفقار کو استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کا نائب صدر مقرر کیا گیا ہے ۔
صدر آئی پی اور وفاقی وزیرعبدالعلیم خان سے نئےعہدیداروں نے ملاقاتیں کیں۔ مرکزی پارٹی رہنما رانا نذیر احمد خان ، شعیب صدیقی ، ملک زمان نصیب اور میاں جنید ذوالفقار بھی موجود تھے۔
عبدالعلیم خان نے کہا پارٹی کو خوشحالی اور امن کے پیغام کے ساتھ تنظیمی سطح پر مضبوط بنائیں گے ۔ اب سیاست نہیں بلاتفریق خدمت کرنے کا وقت ہے ۔ استحکام پاکستان پارٹی عوامی خدمت کا سفر جاری و ساری رکھے گی ۔
صدرآئی پی پی عبدالعلیم خان نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی اور انہیں تنظیمی امور مزید بہتر بنانے کا ٹاسک دے دیا ۔ لاہور سے رانا عثمان ، حافظ آباد سےعتیق گھمن ، گوجرانوالہ سے میاں حمزہ اور رحیم یار خان سےرانا راحیل نے وفود سمیت صدر آئی پی پی سےملاقاتیں کیں ۔
استحکام پاکستان سٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب کےصدر محمد افضل ، جنرل سیکرٹری محمد سلیم، نائب صدر رانا نعیم اور فنانس سیکرٹری نقاش افضل بھی صدر آئی پی پی سے ملے۔ آئی پی پی رہنماؤں اور عہدیداران نے حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر وفاقی وزیر و پارٹی صدر عبدالعلیم خان کو مبارکباد دی۔






















