وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ ملک کی تمام موجودہ موٹرویز پر مرمت کے کام کو تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا جائے۔
وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی زیرصدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا بریفنگ اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چئیرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے حکم دیا کہ ملک بھرمیں موٹرویز پر کب اور کہاں حفاظتی باڑ ٹوٹی یا چوری ہوئی اس حوالے سے ایک ہفتے میں انکوائری اور رپورٹ پیش کریں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مستقبل میں موٹرویز کے اطراف حفاظتی جنگلوں کی چوری یا نقصان ناقابل برداشت ہے اور متعلقہ حکام ذمہ دار ہوں گے جبکہ ملک کی تمام موجودہ موٹرویز پر مرمت کے کام کو تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا جائے۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ موٹرویز پر نئے انٹرچینج بنانے کیلئے ایک جامع اور مربوط حکمت عملی ترتیب دی جائے، کھاریاں سے اسلام آباد موٹروے کو 4 نہیں،6 لین کا بنایا جائے گا اور رکاوٹیں دور کریں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ موٹرویز پر سیفٹی اور سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا اس لیے مستقل اور مربوط پالیسی بنائیں جبکہ موٹروے پر انٹرچینجز کیلئے ایک ہفتے میں ایس او پیز طلب کرتے ہوئے این ایچ اے کو ایک جیسا طریقہ کار ویب سائٹ پر لگانے کی ہدایت کی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں این 25 کی کوئٹہ سے کراچی کی شاہراہ اولین ترجیح ہے اور یہ ملک کے لیے بہت اہم ہے۔
اجلاس میں مختلف صوبوں میں این ایچ اے کے جاری و مجوزہ منصوبوں پر غور اور کام کی رفتار کا بھی جائزہ لیا گیا۔






















