ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی ) مذہبی تعلیم میجر جنرل ( ر ) غلام قمر نے کہا ہے کہ مدارس اس قوم، سوسائٹی اور اس حکومت کی ذمہ داری ہیں۔
پیر کے روز اسلام آباد میں مدارس اصلاحات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی مذہبی تعلیم میجر جنرل ( ر ) غلام قمر نے کہا کہ مدارس کا ملک میں بڑا اہم کردار ہے، مدارس کو مختلف ادوارمیں مشکلات کا سامنا رہا اور تمام مسائل کو حل نہیں کیا گیا۔
ڈی جی مذہبی تعلیم کا کہنا تھا کہ مدارس کو وزارت تعلیم سے منسک کرنے کیلئے کابینہ سے منظوری ہوئی، 2019 میں معاہدہ حکومت اور تمام علماء کے درمیان ہوا جس کے مطابق ڈائریکٹوریٹ مذہبی تعلیم سے تمام مدارس رجسٹرڈ ہوئے۔
غلام قمر کا کہنا تھا کہ وزارت تعیلم کے زیراہتمام ڈائریکٹوریٹ مذہبی تعلیم کا قیام عمل میں آیا، مدارس کی رجسٹریشن کے لیے ایک فارم بنایا گیا، ہرمدرسہ اپنی تفصیلات ریجنل ڈائریکٹر کو فراہم کرتا ہے ، اس عمل میں کوئی پیسے نہیں لگتے، مدارس کی رجسٹریشن میں دو ہفتے کا وقت لگتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مدارس کے بچے ہر میدان میں جاسکتے ہیں، ہمارے مدارس کے طلبا فوج اور بیورو کریسی سمیت ہر میدان میں جاسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی آر آئی نے بین مذاہبِ ہم آہنگی کیلئے بہت کام کیا ، پاکستان میں صرف اور صرف اتحاد چاہیے اور بغیر کسی سیاسی وابستگی سے مدارس کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔






















