تھرپارکر میں بے زبان جانور پر مبینہ ظلم کی دل دہلا دینے والی واردات سامنے آئی ۔ تحصیل ڈاہلی کے گاؤں بگھل رند میں ملزمان نے اونٹنی پر تشدد کرکے اس کی آنکھیں نکال دیں ۔
اونٹنی کے مالک سارنگ نے خواتین اور بچوں کے ہمراہ چھاچھرو پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پڑوسی گاؤں کے بااثر افراد نے اونٹنی پر بہیمانہ تشدد کیا ۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ وہ غریب لوگ ہیں اور ملزمان کی جانب سے انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں ۔ احتجاج کرنے والوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرا کے ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے ۔






















