سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ماضی میں شوبز کے دو معروف ستاروں ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کے موبائل نمبر اپنے فون سے حذف کر دیے تھے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں بشریٰ انصاری نے بتایا کہ انہوں نے مختلف مواقع پر ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو پیغامات بھیجے، تاہم مصروفیات کے باعث انہیں بروقت جواب موصول نہیں ہوا۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے یہ سمجھا کہ دونوں فنکار اپنی مصروفیات کی وجہ سے رابطے میں نہیں رہنا چاہتے، جس پر انہوں نے کسی غلط فہمی یا بار بار پیغامات بھیجنے سے بچنے کے لیے دونوں کے نمبر ڈیلیٹ کر دیے۔
بشریٰ انصاری نے بتایا کہ بعد ازاں انہیں ایک محبت بھرا پیغام موصول ہوا جس میں لکھا تھا، ’’آپا، آئی لو یو، آئی مس یو۔‘‘ نمبر محفوظ نہ ہونے کے باعث انہیں صرف ابتدائی حرف ’’ایم‘‘ نظر آیا اور انہوں نے گمان کیا کہ پیغام شاید اداکارہ مِشی خان کی جانب سے ہے، جبکہ درحقیقت یہ پیغام ماہرہ خان نے بھیجا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب ماہرہ خان کو معلوم ہوا کہ ان کا نمبر فون میں محفوظ نہیں تو وہ حیران رہ گئیں۔ اسی طرح ایک موقع پر فہد مصطفیٰ نے بھی رابطہ کیا، لیکن نمبر محفوظ نہ ہونے کے باعث انہیں پہچاننے میں دشواری ہوئی، جس پر فہد مصطفیٰ بھی حیران رہ گئے۔
بشریٰ انصاری نے واضح کیا کہ ان کا کسی سے ناراضی یا اختلاف کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ انہوں نے ماہرہ خان کو انتہائی باادب، عاجز اور خوش اخلاق شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ دونوں پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مصروف ترین فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔





















