پنجاب حکومت نے دیہی ترقی کے بڑے منصوبے "مریم نواز کا سوہنا پنجاب" پروگرام کے تحت 485 دیہات کو مثالی گاؤں بنانےکا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں 40 لاکھ افراد کوجدید میونسپل سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ آئندہ مالی سال میں مزید 39 ارب روپے مختص کرنے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
وزیربلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کے مثالی گاؤں پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ "مریم نواز کا سوہنا پنجاب" پروگرام کے تحت پنجاب بھر کے چارسوپچاسی دیہات کوجدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں چالیس لاکھ آبادی کو بہتر میونسپل سروسز فراہم کی جائیں گی جبکہ منصوبے کی تکمیل کے لیے آئندہ مالی سال میں مزید انتالیس ارب روپے مختص کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ وزیر بلدیات نے جاری مالی سال کے مختص کردہ چھ ارب سڑسٹھ کروڑ روپے میں سے چھ ارب سات کروڑ روپے کے استعمال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دسمبردوہزارچھبیس تک پہلے مرحلے کی تکمیل یقینی بنائی جائے، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پروگرام کا دائرہ کار مستقبل میں سات ہزارپانچ سو دیہات تک بڑھایا جائے گا۔






















