چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز نے اعلان کیا ہے کہ پانچ انتخابی حلقوں کے 26 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرائی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز نےمیڈیا سے گفتگومیں کہا جی بی اے 8 سکردو کے 10، جی بی اے 13 استور کے ایک، جی بی اے 15 دیامر کے ایک،جی بی اے 16 چلاس کے 3 اورجی بی اے 17 داریل کے 11 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی۔
الیکشن کمیشن کےمطابق ان پانچ حلقوں میں امیدواروں نےدوبارہ گنتی کی درخواستیں دائر کی تھیں،جبکہ متعدد امیدواروں نےمختلف پولنگ اسٹیشنز پردوبارہ پولنگ کرانےکی بھی استدعا کی تھی،الیکشن کمیشن نےدرخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنرکا کہنا ہےکہ دوبارہ پولنگ کے فیصلے کے ساتھ ہی ان پانچ حلقوں کے نتائج روکنے کا حکم بھی جاری کر دیاہے،جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔






















