وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور جب سارے افراد انجام تک پہنچے تو جشن منائیں گے۔
ملٹری کورٹس کی جانب سے سانحہ 9 مئی میں ملوث مجرموں کی سزاؤں کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ سیاسی دہشتگردوں نے سیاست کا لبادہ اوڑھ کر دہشت گردی کی اور آج ان کو سزا ملی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سرحدوں کے محافظوں کی یادگاروں پر حملے کرکے پیغام دیا کہ منصوبہ ساز بانی پی ٹی آئی تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ فوجی تنصیبات پر ایسے پہلے کبھی حملہ نہیں کیا گیا تھا، بانی پی ٹی آئی نے ملک میں تشدد کی سیاست کا راستہ دکھایا، آج انصاف ملا ہے اس حوالے سے کوئی نہیں بچے گا اور 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ملک دشمنی اور ملکی دفاع کو کمزور کرنے کی سازش 9 مئی ایک سیاہ دن تھا، آج کی خوشی کے دن پر ہم تہیہ کرتے ہیں پاکستان کا دفاع کریں۔