پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ترجمان شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ سول نافرمانی کی تحریک کی تفصیلات پارٹی قیادت جلد عوام کے سامنے لے آئے گی۔
سول نافرمانی تحریک کے حوالے سے سماء سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ تحریک آج 14 دسمبر کو شروع نہیں ہو رہی ، یہ مرحلہ وار ہوگی۔
ترجمان پی ٹی آئی نے بتایا کہ سول نافرمانی تحریک کی تفصیلات یوم شہدا کے اجتماع کے بعد سامنے لائی جانا تھیں لیکن اب یوم شہدا کے اجتماع کی تاریخ تبدیل ہوگئی ہے اور یوم شہدا دعائیہ تقریب 13 دسمبر کے بجائے کل 15 دسمبر کو ہو رہی ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ شہدا کی دعائیہ تقریب میں کوئی سیاسی فیصلے نہیں ہوں گے یہ صرف دعائیہ اجتماع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ یوم شہدا اجتماع کے بعد اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے قیادت کی ملاقات ہو سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سول نافرمانی کی تحریک کی تفصیلات پارٹی قیادت جلد عوام کے سامنے لے آئے گی۔
خواجہ آصف کے انٹرویو پر ردعمل
وزیر دفاع خواجہ آصف کے سماء کو انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص کا کہنا تھا کہ ہم نے مذاکرات کی درخواست کی ہے اور نہ ہی کریں گے، بانی پی ٹی آئی نے کمیٹی بنا کر ہر کسی سے مزاکرات کا دروازہ کھول دیا ہے۔
لازمی پڑھیں ۔فیض حمید کے چارج شیٹ ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے روئیے میں تبدیلی آئی، خواجہ آصف
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا یہی مؤقف ہے کہ کمیٹی بن چکی اور اب جو چاہے مذاکرات کرے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ان کی بہنیں ، بشریٰ بی بی اور ملک کا بچہ بچہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ آصف صاحب! بانی پی ٹی آئی کے بجائے اپنے گھر کی فکر کریں۔