انسداد منشیات عدالت اسلام آباد نے منشیات سمگل کرنے والے میاں بیوی سمیت تین رکنی گروہ کو مجموعی طور پر اکتالیس سال قید اور بارہ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
کیس کی سماعت انسداد منشیات عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کی۔ اے این ایف نے گزشتہ سال مبشر حسین۔رحمن اقبال اور زاہدہ سے ساڑھے اکہتر کلو افیون برآمد کی تھی۔ پراسیکیوٹر فہد ملک نے دلائل دیتے ہوئے کہا تین رکنی گروہ کے قبضے سے موقع سے افیون برآمد کی گئی۔گروہ جس گاڑی میں منشیات سمگل کر رہا تھا وہ بھی قبضے میں لے گئی۔لیبارٹری کی رپورٹ بھی مثبت آئی اور ملزمان نے منشیات سمگل کرنے کا جرم بھی تسلیم کیا۔ عدالت نے مبشرحسین کو بیس سال قید اور آٹھ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ رحمن اقبال کو نو سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ ملزمہ زاہدہ پروین کو بارہ سال قید اور تین لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔