شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے دو آپریشنز کے دوران 7 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق میران شاہ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا جس کے دوران 4 خوارج مارے گئے۔
سکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی سپن وام میں کی جس کے نتیجے میں 3 خوارجی ہلاک ہوئے جبکہ دہشتگردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں فیصل آباد کے 34 سالہ لانس نائیک محمد امین شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشنز کے دوران مارے گئے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ علاقے میں خوارج کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظرکلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔