انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے صحافی مطیع اللہ جان کی ضمانت منظور کرلی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کی، عدالت نے مطیع اللہ جان کی 10 ہزار روپے کے مچلکوں پر ضمانت منظور کی، عدالت نے مطیع اللہ جان کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ روز سینئر صحافی مطیع اللہ جان کے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کا انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ معطل کردیا تھا۔
مطیع اللہ جان کے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت کی۔ وکیل ریاست علی آزاد نے موقف اختیار کیا کہ دوسرے صحافی ثاقب بشیر کا بیان حلفی بھی موجود ہے جس سے ثابت ہوتا ہےکہ یہ کیس جھوٹ پر گھڑی بے بنیاد سٹوری ہے۔
عدالت نے انسداد دہشتگردی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے قرار دیا کہ مطیع اللہ جان کو اب جوڈیشل ریمانڈ پر تصور کیا جائے۔